آسٹریلیا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی طرف سے اوپنگ سرفراز اور احمد شہزاد نے کی اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں

آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست ہو گئی ہے۔

دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد آسٹریلیا کو اس سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

آسٹریلیا نے 216 رنز کا ہدف 44ویں اوور میں حاصل کر کے پاکستان کے خلاف سیریز جیت لی ہے۔

دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں گلین میکسویل نے 76 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے ذولفقار بابر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کے اوپنروں کی عمدہ بیٹنگ کے بعد کوئی بلے باز اچھا کھیل پیش نہ کر سکا۔

پاکستان کی طرف سے اوپنگ سرفراز اور احمد شہزاد نے کی۔ احمد شہزاد نے پانچ چوکوں کی مدد سے 68 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی۔

پاکستان کی ٹیم نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری طرف سرفراز جنہوں نے ابتدا میں محتاط انداز اپنائے رکھا بعد میں اسی تیزی سے کھیلنا شروع ہو گئے۔ انھوں نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں انھوں نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 گیندوں پر 52 رن بنائے۔

پہلے چار اوور میں پاکستان نے اٹھارہ رن سکور کیے اور نصف سنچری گیارہویں اوور میں بنائی۔

احمد شہزاد جو پہلے میچ میں آف سٹپم کے باہر میچل جانسن کی باہر پڑی ہوئی گیند پر چوکا لگانے کی کوشش میں پہلی سلپ میں آؤٹ ہو گئے تھے ابتدائی اوورز میں پر اعمتاد نظر آئے۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز بھی احتیاط سے کھیلتے رہے جبکہ احمد شہزاد اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے رہے۔

کپتان مصباح الحق 28 گیندوں میں 14 رنز سکور کر کے رن آؤٹ ہو گئے۔

عمر اکمل ایک بار پھر اچھا کھیل پیش نہ کرسکے اور مچل کی گیند پر پانچ رنز سکور کر کے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اسد شفیق نے 35 گیندوں میں 29 رنز سکور کیے اور لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شاہد آفریدی جو چھکے اور چوکوں کے لیے مشہور ہیں اس بار صرف دو رنز بنا سکے اور آؤٹ ہوگئے۔

شاہد آفریدی کے بعد وہاب ریاض بھی دو رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ اس وقت گری جب حسن رضا بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

ذوالفقار بابر کو فوکنر نے چھ رنز پر آؤٹ کیا۔ عرفان کوئی رن نہ بنا سکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔ فواد عالم نے 20 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی ٹیم اس سے قبل پہلے ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کہ ہاتھوں شکست سے دوچار ہو گئی تھی۔ اس میچ میں بھی پاکستان نے ٹاس جیتا تھا لیکن انھوں نے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس میچ میں پاکستان کی ٹیم نے رضا حسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ رضا حسن اپنے کیریئر کا پہلا بین الاقوامی ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں۔ رضا حسن کو انور علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں