آسٹریلیا، ون ڈے کے بعد ٹیسٹ نمبرایک پر بھی نظر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ۔۔پاکستان اور آسٹریلیا کےدرمیان کھیلےگئے آخری چودہ میں سے تیرہ ٹیسٹ میچز آسٹریلیا نے جیت رکھے ہیں

آسٹریلیا ون ڈے کے بعد اب ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو وائٹ واش پر مجبور کرکے آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بدھ کے روز سے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے اور اگر آسٹریلوی ٹیم نے دونوں ٹیسٹ میچز جیت لیے تو وہ جنوبی افریقہ کی جگہ ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم بن جائے گی ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا نے اس دورے میں ون ڈے سیریز بھی عالمی رینکنگ کی نمبر دو ٹیم کے طور پر شروع کی تھی اور سیریز کے تینوں میچز جیت کر اس نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

ایک بڑی ٹیم کے طور پر آسٹریلیا کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہے ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری چودہ میں سے تیرہ ٹیسٹ میچز آسٹریلیا نے جیت رکھے ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے لگاتار تیرہ ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد دو ہزار دس میں ہیڈنگلے میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ محمد عامراور محمد آصف کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں تین وکٹوں سے جیتا تھا۔

اسی دورے میں یہ دونوں بولرز اپنے کپتان سلمان بٹ کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پکڑے گئے تھے۔

آسٹریلوی ٹیم دبئی میں پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

اس سے قبل اس نے پاکستان کے خلاف دو ہزار دو میں شارجہ میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جو اس نے جیتے تھے۔

اسی بارے میں