دبئی ٹیسٹ: پہلا دن یونس خان کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یونس خان نے دس چوکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 106 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی

دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنا لیے ہیں۔

پہلے دن کے اختتام پر مصباح الحق اور اسد شفیق کریز پر موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 34 اور نو رنز بنائے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں سات رنز کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد یونس خان اور اظہر علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات یونس خان کی شاندار سنچری تھی۔

انھوں نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ یونس خان کی یہ پچیسویں نصف سنچری تھی اور انھوں نے انضمام الحق کا ریکارڈ برابر کیا۔

یونس خان آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنا کر پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے خلاف سنچری سکور کی ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے تین اور پیٹر سڈل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر عمران خان اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔

سپن بالنگ کی بازی کون جیتے گا؟

آسٹریلیا کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف اور بیٹسمین مچل مارش کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے آخری 14 میں سے 13 ٹیسٹ میچ آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے لگاتار 13 ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد سنہ 2010 میں ہیڈنگلے میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ محمد عامر اور محمد آصف کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں تین وکٹوں سے جیتا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم دبئی میں پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سنہ 2002 میں شارجہ میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جو اس نے جیتے تھے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، اظہرعلی، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، ذوالفقار بابر، یاسرشاہ، عمران خان اور راحت علی۔

آسٹریلوی ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں: مائیکل کلارک (کپتان) کرس راجرز، ڈیوڈ وارنر، ایلکس ڈولن، سٹیو سمتھ، مچل مارش، بریڈ ہیڈن، مچل جانسن، پیٹر سڈل، اسٹیو اوکیف اور نیتھن لیون۔

اسی بارے میں