عمران خان اور یاسر شاہ کو ٹیسٹ کیپ مل گئی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دانش کنریا پر پابندی کے بعد یاسر شاہ پہلے لیگ سپنر ہیں جنہیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں بدھ سے شروع ہونے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں لیگ سپنر یاسرشاہ اور فاسٹ بولر عمران خان کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔

اٹھائیس سالہ یاسرشاہ دو سال قبل زمبابوے کے دورے میں ایک ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے تھے۔

ستائیس سالہ فاسٹ بولر عمران خان پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔

لوئر دیر میں پیدا ہونے والے عمران خان سات سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد دو سو ستاون ہے جس میں اننگز میں انہتر رنز کے عوض نو وکٹ اور میچ میں ایک سو چونتیس رنز دے کر چودہ وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی شامل ہے۔

آسٹریلیا نے بھی دبئی ٹیسٹ میں دو نئے کھلاڑیوں مچل مارش اور اسٹیو اوکیف کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔

مچل مارش دائیں ہاتھ کے بیٹسمین اور تیز بولر ہیں۔ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر جیف مارش کے بیٹے ہیں اورشان مارش کے بھائی ہیں۔

مچل مارش تین ٹی ٹوئنٹی اور نو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

اسٹیو اوکیف بائیں ہاتھ کے اسپنر ہیں۔