دبئی: پاکستان کو آسٹریلیا پر 189 رنز کی برتری

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یاسر شاہ نے 66 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں

دبئی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 38 رنز بنائے ہیں اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا ہے۔

پاکستان کے 454 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 303 رنز سکور کیے۔

پاکستان کو آسٹریلیا پر 189 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

تیسرے روز کے اختتام پر احمد شہزاد 22 اور اظہر علی 16 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث آسٹریلوی کھلاڑی جم کر کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔

جمعے کو کھیل کے آغاز پر آسٹریلیا کی جانب سے افتتاحی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور کرس راجرز نے 113 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور 128 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر فاسٹ بولر راحت علی نے راجرز کو بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوا دی جنھوں نے 38 رنز بنائے۔

راجرز کی جگہ آنے والے ایلکس ڈولن زیادہ پراعتماد نہ دکھائی دیے اور 37 گیندوں پر صرف پانچ رنز بنانے کے بعد راحت علی کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان مائیکل کلارک صرف دو رنز بنا سکے اور ذوالفقار بابر کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

سمتھ اور وارنر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سپنر یاسر شاہ نے کیا۔

سمتھ نے 22 رنز بنائے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں یاسر کی پہلی وکٹ بنے۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کھانے کے وقفے کے فوراً بعد گری جب یاسر شاہ نے ہی سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بلے بازی کا انداز برقرار رکھا اور سنچری مکمل کی

133 رنز بنانے والے وارنر نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی نویں سنچری آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔

ہیڈن نے جو محتاط انداز سے کھیل رہے تھے ان کو پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عمران خان نے 22 رنز پر بولڈ کیا۔

مارش نے محتاط کھیل پیش کیا اور 27 رنز پر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر نے تین، ذوالفقار بابر اور راحت علی نے دو دو جبکہ محمد حفیظ اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی عمدہ سنچری کی بدولت 454 رنز کے اچھے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔

سرفراز احمد نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 80 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر عمران خان اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف اور بیٹسمین مچل مارش کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے آخری 14 میں سے 13 ٹیسٹ میچ آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم دبئی میں پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سنہ 2002 میں شارجہ میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جو اس نے جیتے تھے۔

اسی بارے میں