نجم سیٹھی آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزد

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سابق سربراہ نجم سیٹھی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت کے لیے نامزد کر دیا ہے۔

یہ ایک سالہ صدارتی مدت آئندہ سال یکم جولائی سے شروع ہوگی۔

کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین شہریار خان اور بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر نجم سیٹھی کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔

نجم سیٹھی کی نامزدگی کی منظوری وزیراعظم نواز شریف نے دی ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ ہیں۔

نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں تاہم انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے تنازعے میں عدالتی احکامات کے تحت تین مرتبہ اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔

شہریار خان کے چیئرمین بننے کے بعد سے نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ہیں۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی بین الاقوامی ساکھ کے صحافی ہیں جنھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات جمہوری انداز میں چلانے کے لیے نیا آئین تیار کرایا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کے آئین میں تبدیلی کے بعد صدر کا عہدہ اب رسمی ہوگیا ہے۔ اس کی مدت بھی دو سال سے کم کرکے ایک سال کر دی گئی ہے اور تمام اختیارات چیئرمین کو منتقل ہو چکے ہیں۔

اگر آئی سی سی نے نجم سیٹھی کی نامزدگی منظور کر لی تو وہ احسان مانی کے بعد اس ادارے کی صدارت سنبھالنے والے دوسرے پاکستانی ہوں گے۔

اس وقت آئی سی سی کی صدارت بنگلہ دیش کے مصطفیٰ کمال کے پاس ہے جو 2014 سے اس عہدے پر فائز ہیں۔

اسی بارے میں