روہت شرما کا نیا ریکارڈ، ون ڈے میں 264 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption روہت کرکٹ کی دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جس نے ون ڈے میں دو ڈبل سنچریاں سکور کی ہیں

بھارتی کرکٹ ٹیم کے روہت شرما کرکٹ کی دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے ایک روزہ میچ میں 250 رنز سے زیادہ سکور کیے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف چوتھے ون ڈے میں روہت شرما نے 264 رنز سکور کیے اور بھارتی کھلاڑی وریندر سہواگ کا ریکارڈ توڑا۔ سہواگ نے 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 219 رنز بنائے تھے۔

روہت کرکٹ کی دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جس نے ایک روزہ میچوں میں دو ڈبل سنچریاں سکور کی ہیں۔

سٹائلش بھارتی بلےباز نے 173 گیندوں پر 32 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 264 رنز بنائے۔ بھارت نے سری لنکا کے خلاف 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنائے۔

27 سالہ روہت شرما 50ویں اوور کی آخری گیند پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اگر وہ اس گیند پر چوکا مارنے میں کامیاب ہو جاتے تو وہ 2002 میں سرے کے علی براؤن کا گلیمورگن کے خلاف 268 رنز کا ریکارڈ برابر کر دیتے۔

ریکارڈ توڑ اننگز کے بعد روہت نے کہا: ’میں بالکل تھکا نہیں ہوں۔ میں 50 مزید اوور کھیلنے کے لیے تیار تھا۔ میں نے جب نصف سنچری مکمل کی تو میں نے کہا کہ اب سکور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ بیٹنگ وکٹ ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’کولکتہ میرے لیے بہت اہم ہے۔ میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ اور ٹیسٹ کریئر کا آغاز ادھر ہی سے کیا تھا اور میں نے آئی پی ایل میں پہلی سنچری بھی اسی گراؤنڈ پر بنائی تھی۔‘

سری لنکا نے بدترین فیلڈنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے روہت کو آؤٹ کرنے کے تین مواقع ضائع کیے۔

کھلاڑی ملک سکور مخالف ٹیم سنہ
روہت شرما بھارت 264 سری لنکا 2014
وریندر سہواگ بھارت 219 آسٹریلیا 2011
روہت شرما بھارت 209 آسٹریلیا 2013
سچن تندولکر بھارت 200 جنوبی افریقہ 2010
سعید انور پاکستان 194 بھارت 1997
چارلز کوونٹری زمبابوے 194 بنگلہ دیش 2009

سنہ 2010 سے قبل کھیلے گئے 2961 ون ڈی میچوں میں کوئی بھی بیٹسمین 200 رنز نہیں سکور کر سکا تھا۔ لیکن روہت پچھلے چار سالوں میں چوتھے بیٹسمین ہیں جنھوں نے ڈبل سنچری سکور کی ہے اور چاروں کھلاڑی بھارتی ہیں اور چاروں ڈبل سنچریاں بھارت میں بنی ہیں۔

سچن تندولکر پہلے کھلاڑی تھے جنھوں نے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری بنائی تھی تاہم اس کے ایک سال بعد ہی سہواگ نے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔

اس کے بعد شرما نے بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف 209 رنز بنائے۔

اسی بارے میں