راجر فیڈرر ورلڈ ٹوئر ٹینس مقابلوں کے فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فیڈرر چار مرتبہ فیڈرر شکست سے صرف ایک پوائنٹ کی دوری سے میچ میں واپس آئے

سوئس ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر نے لندن میں جاری اے ٹی پی ورلڈ ٹوئر فائنلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں ہم وطن سٹین واویرنکا کو شکست دے دی ہے۔

ماضی میں چھ مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے فاتح رہنے والے فیڈرر نے لندن میں سنیچر کو کھیلا گیا یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو سیٹس سے جیتا۔

اتوار کو او ٹو ایرینا میں کھیلے جانے والے فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ سربیا کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نواک جاکووچ سے ہوگا۔

اپنے کریئر میں 17 مرتبہ ٹینس کے گرینڈ سلیم مقابلے جیتنے والے فیڈرر نے سیمی فائنل میچ چار چھ، سات پانچ اور سات چھ کے سکور سے جیتا۔

رواں برس آسٹریلوی اوپن جیتنے والے 29 سالہ واویرنکا نے اس میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

میچ کے پہلے سیٹ میں وارویرنکا نے فتح حاصل کی تو دوسرا سیٹ فیڈرر نے جیتا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں فیڈرر چار مرتبہ فیڈرر شکست سے صرف ایک پوائنٹ کی دوری سے میچ میں واپس آئے۔

فتح کے بعد فیڈرر کا کہنا تھا کہ ’میں خوش قسمت رہا۔ سٹین بیس لائن پر کہیں اچھا کھیل رہا تھا اور عموماً ایسا کرنے والا ہی میچ جیتتا ہے لیکن میں مسلسل مقابلہ کرتا رہا۔‘

دو گھنٹے 48 منٹ چلنے والا یہ میچ دیکھنے کے لیے 17 ہزار تماشائی او ٹو ایرینا پہنچے تھے۔

اسی بارے میں