اوول: تیسرے میچ میں آسٹریلیا فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ نے نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے

آسٹریلیا میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 73 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 44.3 اوورز میں 256 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے نو چوکوں کی مدد سے 102 جبکہ اے بی ڈویلیئر نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے چار اور جوش ہیزل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کی نقصان پر 329 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات ایرون فنچ اور سٹیون سمتھ کی شاندار بیٹنگ تھی۔

ایرون فنچ نے نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 جبکہ سٹیون سمتھ نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورنی مورکل نے دو، فلینڈر اور ڈویلیئر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پرتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اسی گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے ہرایا تھا۔

اسی بارے میں