سال کے بہترین فٹبالر کے لیے تین کھلاڑی نامزد

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دائیں سے بائیں جانب تصویر میں کرسچیانو رونالڈ، مینوئل نوئر اور لیوئنل میسی ہیں

فٹبال کی عالمی نگراں تنظیم فیفا کے مطابق کرسچیانو رونالڈو، لیوئنل میسی اور مینوئل نوئر میں سے ایک سال کا بہترین فٹبالر منتخب ہو گا۔

سال کے بہترین فٹبالر کے ایوارڈ بیلن ڈی اؤر کے لیے پہلے مرحلے میں 23 کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا تھا۔

جیتنے والے فٹبالر کا اعلان 12 جنوری کو منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیا جائے گا۔

گذشتہ سال کا ایوارڈ ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کے پرتگالی کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو نے جیتا تھا۔

29 سالہ کرسچیانو رونالڈو نے سال 2013 _2014 کے سیزن میں 51 گول کیے تھے جبکہ ان کی سربراہی میں ریئل میڈرڈ چیمپیئن لیگز ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہا۔

2013 کے ایوارڈ کے لیے رونالڈو کے مقابلے میں بارسلونا کلب کے لیوئنل میسی اور بائرن میونخ کے فرینک ریبری بھی شامل تھے۔

ارجنٹینا اور بارسلونا کے سٹار فٹ بال کھلاڑی لیوئنل میسی نے سال 2009، 2010، 2011 اور 2012 میں مسلسل چار بار بہترین فٹبالر کا ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس کے علاوہ میسی گذشتہ سات سال سے اس ایوارڈ میں پہلی یا دوسری پوزیشن پر رہنے کا منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

مینوئل نوئر فٹبال 2014 کے عالمی کپ کے بہترین گول کیپر کے اعزاز کے حق دار ٹھہرے تھے۔ اس کے علاوہ سال 2002 کے بعد وہ پہلے گول کیپر ہیں جو کہ ایوارڈ کی دوڑ کے اس مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

فیفا کے بہترین کوچ کے ایوارڈ کے لیے تین نام منتخب کیے گئے ہیں۔ ان میں ریئل میڈرڈ کے کوچ کارکو انکلوٹی، جرمن کو فٹبال کا عالمی چیمپیئن بنانے والے یوآخیم لوو اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سمونے شامل ہیں۔

بہترین خاتون کھلاڑی کے ایوارڈ کی فہرست میں جرمنی کی نادینے کیسلر، برازیل کی مارتہ اور امریکہ کی ابئے وامبچ شامل ہیں۔

اسی بارے میں