ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارت کے پانچ وکٹوں پر 369 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ویراٹ کوہلی نے شاندار سنچری مکمل کی

ایڈیلیڈ میں پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کے خلاف بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں کھیل ختم ہونے تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنا لیے تھے۔

اس وقت روہت شرما 33 رنز بنا کر اور وردیمان ساہا ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 517 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کھیل کے تیسرے دن کی خاص بات ویراٹ کوہلی کی عمدہ بیٹنگ تھی جنھوں نے 12 چوکوں کی مدد سے 184 گیندوں پر 115 رنز بنائے۔ وہ کھیل ختم ہونے سے صرف دو اوور قبل مچل جانسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

کوہلی کے علاوہ چیتیشور پجارا نے 73 اور مرلی وجے نے 53 رنز بنائے۔ اجنکیا رہانے نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور وہ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے مچل جانسن اور نیتھن لیون نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر، سٹیون سمتھ اور کپتان مائیکل کلارک کی سنچریوں کی بدولت اپنی پوزیشن مستحکم کر لی تھی۔

کلارک کا وکٹ 128 رنز پر کرن شرما نے لیا جبکہ سمتھ 162 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

وارنر نے 19 چوکوں کی مدد سے145 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کلارک نے 18 چوکوں کی مدد سے 128 رنز بنائے۔

منگل کو آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا۔

لیکن ابتدائی نقصان کے بعد ڈیوڈ وارنر اور کپتان کلارک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس میچ میں بھارتی ٹیم کی کپتانی مہندر سنگھ دھونی کے بجائے وراٹ کوہلی کر رہے ہیں کیونکہ دھونی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں

جہاں وارنر نے سنچری بنائی وہیں کلارک نے نصف سنچری سکور کی۔ تاہم وہ 60 رنز بنانے کے بعد کمر میں تکلیف کی وجہ سے بلے بازی کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے۔

ان دونوں کے علاوہ سٹیون سمتھ نے 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو وہ کریز پر موجود تھے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ورون آرون نے دو، دو جبکہ ایشانت شرما اور کرن شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں بھارتی ٹیم کی کپتانی مہندر سنگھ دھونی کے بجائے وراٹ کوہلی کر رہے ہیں کیونکہ دھونی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔ بھارت کی جانب سے اس میچ میں کرن شرما کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔

یہ ٹیسٹ میچ آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی ناگہانی موت کی وجہ سے پانچ دن کی تاخیر سے شروع ہوا ہے۔

اسی بارے میں