مصباح کی شمولیت مشکوک، انور علی اور یاسر شاہ ٹیم میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’یاسر شاہ کا ورلڈ کپ 2015 کے سکواڈ میں شامل ہونے کے امکانات ہیں اور ان ایک روزہ میچوں میں شمولیت سے وہ زیادہ پراعتماد ہوں گے‘

متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ایک روزہ میچ کی سیریز کے بقیہ تین میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں مصباح الحق کی شرکت مشکوک ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کپتان مصباح الحق دوسرے ایک روزہ میچ میں زخمی ہو گئے تھے۔

بیان کے مطابق مصباح الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن ان کی شمولیت کا حتمی فیصلہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔

ٹیم میں فاسٹ بولرز عمر گل اور بلاول بھٹی کو فٹنس کے مسائل ہونے کے باعث شامل نہیں کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق ان دو کھلاڑیوں کی جگہ آل راؤنڈر انور علی اور سپنر یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر انور علی کی ٹیم میں شمولیت سے ٹیم کی تیز بولنگ کو تقویت ملے گی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ لیگ سپنر یاسر شاہ نے حالیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔

’یاسر شاہ کا ورلڈ کپ 2015 کے سکواڈ میں شامل ہونے کے امکانات ہیں اور ان ایک روزہ میچوں میں شمولیت سے وہ زیادہ پراعتماد ہوں گے۔‘

پی سی بی کی جانب سے اعلان کی گئی ٹیم میں مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں۔

احمد شہزاد، انور علی، اسد شفیق، محمد حفیظ، حارث سہیل، مصباح الحق (کپتان)، محمد عرفان، ناصر جمشید، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، عمر اکمل، وہاب ریاض، یاسر شاہ، یونس خان، ذوالفقار بابر۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

اسی بارے میں