میلبرن ٹیسٹ: سمتھ بھارتی بولروں کی راہ میں حائل

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سٹیون سمتھ نے 72 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور کھیل کے اختتام تک کریز پر رہے

آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے کرکٹ میچ میں کپتان سمتھ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے ہیں۔

میلبرن میں کھیلے جانے والے اس ’باکسنگ ڈے ٹیسٹ‘ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

انھیں میچ کے دوسرے ہی اوور میں امیش یادو نے کیچ آؤٹ کروایا۔

ابتدائی نقصان کے بعد روجرز اور شین واٹسن نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچریاں سکور کیں۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم اس سکور پر پہلے روجرز محمد شامی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوئے اور پھر واٹسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے ایشون نے بھارت کو تیسری کامیابی دلوا دی۔

اس موقعے پر کپتان سٹیون سمتھ میدان میں آئے اور 72 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور کھیل کے اختتام تک کریز پر رہے۔

دوسرے اینڈ پر کچھ دیر کے لیے ان کا ساتھ شان مارش اور جے برنز نے دیا لیکن یہ دونوں بالترتیب 32 اور 17 رنز بنا کر شامی اور یادو کی دوسری، دوسری وکٹ بنے۔

جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر کپتان سمتھ اور بریڈ ہیڈن موجود تھے۔

یہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو اس سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل ہے۔

اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے دو، دو تبدیلیاں کی ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل سٹارکل اور مچل مارش کی جگہ جے برنز اور کرس ہیرس یہ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے محمد شامی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ روہت شرما کی جگہ ٹیم میں کے ایل راہل کو شامل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں