دھونی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دھونی نے ٹیسٹ میچ میں 256 کیچ پکڑے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

انھوں نے آسٹریلیا میں جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران میلبرن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد یہ اعلان کیا ہے اور ان کی ریٹائرمنٹ فوری طور پر نافذ ہو گی۔

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں آئندہ سال چھ جنوری سے ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کی کپتانی ویراٹ کوہلی کریں گے۔

دھونی نے کہا کہ کرکٹ کے تمام فارمیٹس کے بجائے اب وہ ون ڈے اور ٹی 20 پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

دھونی کا بھارت کے کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہوتا ہے۔ ان کی کپتانی میں بھارتی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچی تھی۔ ان کی قیادت میں بھارت نے 27 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی جو ایک ریکارڈ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption انھوں نے 60 میچوں میں بھارت کی کپتانی کی جو ایک ریکارڈ ہے

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل نے ایک پریس ریلیز میں دھونی کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں یہ معلومات دی ہیں۔

بی سی سی آئی نے دھونی کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ میں تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ہر چند کہ بھارتی کرکٹ میں ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان نہیں لگایا جا سکتا تاہم رواں سال ان کی بیٹنگ میں کمی نظر آئی ہے اور 17 اننگز میں ان کی اوسط صرف 33 رہی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption دھونی کی قیادت میں بھارت نے 27 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی

مبصرین کا کہنا ہے کہ وکٹ کے پیچھے بھی ان کی چستی پھرتی میں بھی کمی آئی ہے۔

دھونی نے 90 ٹیسٹ کی 144 اننگز میں 16 بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 4876 رنز بنائے جس میں چھ سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

دھونی کی قیادت میں بھارت سنہ 2011 میں ون ڈے کا ورلڈ کپ اور 2007 میں بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔

اسی بارے میں