ویلنگٹن ٹیسٹ: سری لنکا کے لیے 390 رنز کا ہدف

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کین ولیمسن اور وکٹ کیپر واٹلنگ نے اپنی زندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 242 اور 142 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

ویلنگٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹ پر 524 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کر دیا اور سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 390 رنز کا ہدف رکھا۔

جواب میں کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنائے لیے تھے اور اب انھیں آخری دن 345 رنز کی ضرورت ہوگی جبکہ نیوزی لینڈ باقی ماندہ نو وکٹوں کی تلاش میں رہے گی۔

کشال سلوا 20 رنز پر جبکہ نائٹ واچ مین دھمیکا پرساد ایک رنز پر کریز پر موجود تھے اور آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کرونارتنے نے 17 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن اور وکٹ کیپر واٹلنگ نے اپنی زندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 242 اور 142 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اور انھوں نے چھٹے وکٹ کی شراکت کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کمارا سنگاکارا نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری لگائی جو کہ ان کی 11 ویں ڈبل سنچری تھی

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پردیپ نے تین جبکہ رنگانا ہیرات اور دھمیکا پرساد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کھیل کے دوسرے دن سری لنکا نے کمارا سنگاکارا کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 135 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی تھی۔

ایک وقت سری لنکا کی پانچ وکٹیں صرف 78 رنز پر گر گئی تھیں لیکن پھر سنگاکارا اور چندی مل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔

سنیچر کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔دو میچ کی اس ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ نے ایک صفر کی سبقت حاصل ہے جبکہ ابھی ون ڈے سیریز ہونا باقی ہے۔

اسی بارے میں