ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اعلان کا آغاز، بھارت آج اعلان کرے گا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بنگلہ دیش کی ٹیم میں مشفق الرحیم ایک وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر زبردست اہمیت کے حامل ہیں

کرکٹ کے عالمی کپ کے آغاز میں اب 40 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور اس میں شرکت کرنے والے ممالک اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کر رہے ہیں۔

سب سے پہلے بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا اور پھر اس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم نے بھی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

اطلا عات کے مطابق بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی آج منگل کو بھارتی ٹیم کا اعلان کرنے والی ہے۔

اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم کا بھی اعلان ہو جائےگا۔

بنگلہ دیش نے فاسٹ بولر مشرفے مرتضیٰ کو کپتان بنایا ہے جبکہ آل راؤنڈر شکیب الحسن نائب کپتان ہوں گے۔

ان کے علاوہ ٹیم میں تمیم اقبال، امین الحق، مومن الحق، محمود اللہ ریاض، مشفق الرحیم (وکٹ کیپر)، ناصر حسین، تائج الاسلام، تسکین احمد، الامین حسین، روبیل حسین، سومیا سرکار، شبیر رحمان اور عرفات سنی شامل ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption آئر لینڈ کی ٹیم میں کپتان کے علاوہ چار ایسے تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو اپنا تیسرا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں

آئر لینڈ کی ٹیم کا پیر کو اعلان کیا گیا اور آئرلیند کی ٹیم منتخب کرنے والے اراکین نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے سنہ 2015 کے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا نام ظاہر کر دیا۔

کپتان ولیم پورٹرفیلڈ آئر لینڈ کے ان پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو اپنا تیسرا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ ان کے علاوہ، او براین برادران، ایڈ جوائس اور جون مونی بھی اپنا تیسرا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں۔

30 سالہ پورٹر فیلڈ نے کہا کہ ’ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی انھوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے تو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے اس ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم اچھا مظاہرہ کیوں نہ کرے گی؟

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption او برائن برادران ٹیم کا اہم ستون تصور کیے جاتے ہیں

آ‏‏ئرلینڈ کی ٹیم اس طرح ہے:

ویلم پورٹرفیلڈ، اینڈریو بلبائرنی، پیٹر چیز، ایلیکس کوسیک، جارج ڈاکریل، ایڈ جوائس، اینڈریو میک برائن، جون مونی، ٹم مرٹاگھ، کیون او برائن، نیل او برائن، پال سٹرلنگ، سٹوارٹ تھامپسن، گرے ولسن اور کریگ ینگ۔

پول اے پول بی
انگلینڈ جنوبی افریقہ
آسٹرلیا بھارت
سری لنکا پاکستان
بنگلہ دیش ویسٹ انڈیز
نیوزی لینڈ زمبابوے
افغانستان آئر لینڈ
سکاٹ لینڈ متحدہ عرب امارات

اسی بارے میں