سعید اجمل کا بائیو مکینیک ٹیسٹ 24 تاریخ کو چنئی میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سعید اجمل اگر اس بائیو مکینک تجزیے میں کلیئر نہ ہوسکے تو پھر آئی سی سی اپنا بولنگ ریویو گروپ تشکیل دے گی جو انھیں دوبارہ بائیو مکینک تجزیے کے لیے کہے گا اس دوران سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینک تجزیہ 24 جنوری کو بھارتی شہر چنئی کی لیبارٹری میں ہوگا۔

سعید اجمل نے چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان سے ملاقات کرکے انھیں آئی سی سی کے تحت بائیومکینک تجزیہ کرانے پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔ تاہم اطلاعات یہ تھیں کہ وہ چنئی میں یہ ٹیسٹ کرانے کے لیے تیار نہیں تھے لیکن چونکہ یہ سرکاری ٹیسٹ ہے لہٰذا آئی سی سی نے اس بولنگ تجزیے کے لیے چنئی کا انتخاب کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعید اجمل اگر اس بائیو مکینک تجزیے میں کلیئر نہ ہوسکے تو پھر آئی سی سی اپنا بولنگ ریویو گروپ تشکیل دے گی جو انھیں دوبارہ بائیو مکینک تجزیے کے لیے کہے گا اس دوران سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گزشتہ سال اگست میں گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے امپائرز نے اجمل کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔

اس کے بعد آئی سی سی نے انہیں بولنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے برسبین بھیجا تھا جس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعید اجمل تقریباً چالیس ڈگری پر بولنگ کررہے ہیں جبکہ آئی سی سی کی مقرر کردہ حد پندرہ ڈگری ہے اس کے بعد سے سعید اجمل کو معطلی کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات کررکھی ہیں تاہم لفبرا انگلینڈ کی لیبارٹری میں بھی کیے گئے دو بائیو مکینک تجزیے سعید اجمل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے حوصلہ افزا ثابت نہ ہوسکے تھے اور یہ بتایا گیا تھا کہ وہ اب بھی اپنی مخصوص گیند دوسرا پندرہ ڈگری سے زائد پر کررہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگرچہ سعید اجمل کو ورلڈ کپ کے ابتدائی تیس کھلاڑیوں میں شامل کیا تھا لیکن بولنگ ایکشن مکمل طور پر درست نہ ہونے کے سبب سعید اجمل نے ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

سعید اجمل کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے خود کو ایک موثر بولر کے طور پر برقرار رکھنے کے لیے کیرم بال اور کچھ نئی گیندوں پر عبور حاصل کرلیا ہے۔

تاہم ماہرین کا یہ خیال ہے کہ اپنی مخصوص گیند دوسرا کے بغیر سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر خاص تاثر نہیں چھوڑ پائیں گے۔

سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178 ون ڈے میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں 85 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی ہیں۔ وہ اب بھی آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

اسی بارے میں