ہوبارٹ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سٹیون سمتھ نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والے سہ طرفہ سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے 304 رنز کا مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار سٹیون سمتھ کی عمدہ سنچری نے ادا کیا۔

انھوں نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے شون مارش نے 45، بریڈ ہیڈن نے 42 اور گلین میکس ویل نے 37 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس وویکس، معین علی اور سٹیون فِن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے ایئن بیل کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنا کر آسٹریلیا کو 304 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ایئن بیل نے 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 141 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 69 اور معین علی نے 46 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سےگریندر سندھو نے دو جبکہ مچل سٹارک، پیٹ کمننز، موسس اینریکس اور جیمز فالکنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جمعے کو کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اسی بارے میں