ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن ورلڈ کپ سکواڈ سے دستبردار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption متعدد اہم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود نارائن کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا

ویسٹ انڈیز کے مشہور سپنر سنیل نارائن نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کو اپنے بولنگ ایکشن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

سنیل نارائن کا ایکشن انڈین پریمیئر لیگ کے دوران مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انھیں ہندوستانی بورڈ کے زیر اہتمام کسی بھی ایونٹ میں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

اس پابندی کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے عالمی سطح پر پابندی کے ڈر سے نارائن کو انڈیا کے دورے پر لے جانے سے گریز کیا اور ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے بھی ان کا انتخاب زیر غور نہیں آیا۔

متعدد اہم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود سپنر کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔

سکواڈ کا حصہ بنائے جانے پر ماہرین کرکٹ نے کافی حیرانی کا اظہار کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ نارائن ورلڈ کپ میں بولنگ کرنے کی صورت میں مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے اور ان کا سکواڈ میں انتخاب کسی بڑے معمے سے کم نہیں۔

نارائن کی ورلڈ کپ سے دستبرداری سے ویسٹ انڈین ٹیم مزید مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے کیونکہ سکواڈ سے پہلے ہی آل راؤنڈرز ڈوین براوو اور کیرن پولارڈ کو بھی ڈراپ کیا جا چکا ہے۔

اسی بارے میں