آئی سی سی نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو درست قرار دے دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178، ون ڈے میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے معروف بولر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو درست قرار دے دیا ہے۔

آئی سی سی کے تحت سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا سرکاری بائیو مکینک تجزیہ 24 جنوری کو بھارتی شہر چینئی کی لیبارٹری میں ہوا تھا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ وہ پہلے جیسی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

آف سپنر کا کہنا تھا کہ ان کا ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ پاکستان کے لیے مزید دو سے تین سال تک کھیلنا چاہتے ہیں۔

سعید اجمل کے مطابق وہ بہت جلد ٹیم میں واپس آنے کی پوری کوشش کریں گے اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں جس نے ان پر اعتماد کیا۔

آف سپنر نے کہا کہ وہ نئے ایکشن میں بہتر انداز میں بولنگ کر رہے ہیں اور انھیں امید ہے کہ ایک ماہ میں ان کی بولنگ ایکشن میں مزید بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن کی درستگی میں ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے بہت زیادہ محنت کی۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلےگئے ٹیسٹ میچ کے امپائروں نے سعید اجمل کے مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔

اس کے بعد آئی سی سی نے انھیں بولنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے برزبین بھیجا تھا جس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعید اجمل تقریباً 40 ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں جبکہ آئی سی سی کی مقرر کردہ حد 15 ڈگری ہے۔ اس کے بعد سے سعید اجمل کو معطلی کا سامنا تھا۔

سعید اجمل اس سے قبل بھی دو مرتبہ غیرسرکاری طور پر بائیو مکینک تجزیہ کرا چکے ہیں تاہم دونوں مرتبہ رپورٹ حوصلہ افزا نہیں رہی تھی۔

سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178، ون ڈے میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔

سعید اجمل اب بھی آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

اسی بارے میں