سنسنی خیز مقابلے کے بعد آئرلینڈ کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آئر لینڈ کی جیت میں اہم کردار گیری ولسن نے اور کیون اوبرائن نے ادا کیا

کرکٹ کے 11 ویں عالمی کپ میں آئرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد متحدہ عرب امارات کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

آئر لینڈ نے 279 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آئرلینڈ بمقابلہ متحدہ عرب امارات: تصاویر میں

آئر لینڈ کی جیت میں اہم کردار گیری ولسن نے اور کیون اوبرائن نے ادا کیا۔

گیری ولسن نے نو چوکوں کی مدد سے 80 جبکہ اوبرائن نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔

آؤٹ ہونے والے پہلے آئرش بلے باز پال سٹرلنگ تھے جو دوسرے ہی اوور میں تین رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوگئے۔

دوسری وکٹ کے لیے ایڈ جوائس اور پوٹرفیلڈ کے درمیان 68 رنز کی شراکت ہوئی جسے امجد جاوید نے ایڈ کی وکٹ لے کر ختم کیا۔

ولیم پوٹرفیلڈ اور نیل او برائن نے بالترتیب 37 اور 17 رنز بنائے اور محمد توقیر کی وکٹیں بنے جبکہ اینڈی بلبرین 30 رنز بنا کر محمد نوید کی گیند پر متبادل کھلاڑی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شیمان انور ورلڈ کپ مقابلوں میں سنچری بنانے والے متحدہ عرب امارات کے پہلے کرکٹر بن گئے

اس سے قبل آئرش کپتان نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو شیمان انور کی سنچری کی بدولت یو اے ای نے نو وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔

شیمان انور نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 78 گیندوں پر دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ وہ ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے متحدہ عرب امارات کے پہلے کرکٹر ہیں۔

ایک موقع پر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے 35 اوورز میں 130 رنز پر چھ وکٹیں گر چکی تھیں لیکن اس موقع پر شیمان نے ایک اینڈ سنبھالا اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

شیمان نے پہلے خرم خان اور پھر امجد جاوید کے ساتھ مل کر اہم شراکتیں قائم کیں اور ٹیم کو ایک اچھے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔

وہ 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شیمان کے علاوہ امجد جاوید نے 42 اور خرم خان نے 36 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کیون اوبرائن نے دو اہم وکٹیں حاصل کی ہیں

آئرلینڈ کی جانب سے کیون اوبرائن، کیوسیک، سورینسن اور سٹرلنگ دو، دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ تھا اور پہلا موقع تھا کہ یہ دونوں ٹیمیں کسی ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں مدِمقابل آئیں۔

آئرلینڈ نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کو ہرانے سے قبل ماضی میں ورلڈ کپ میں ہی آئرلینڈ کی ٹیم پاکستان اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کو بھی ہرا چکی ہے۔

اسی بارے میں