ڈالمیا دوبارہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر بن گئے

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جگ موہن دالمیہ کا ِبلا مقابلہ انتخاب سوموار کو ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں بی سی سی آئی کے تمام دھڑوں کی حمایت سے ہوا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کے سابق سربراہ جگموہن ڈالمیا بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

جگموہن ’بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا‘ (بی سی سی آئی) کے سابق سربراہ نرائن سوامی سری نواسن کی جگہ عہدہ سنبھال رہے ہیں جن کو ایک آئی پی ایل ٹیم کی ملکیت کے باعث جبراً سبکدوش کر دیا گیا تھا۔

ان کا ِبلامقابلہ انتخاب پیر کو ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں بی سی سی آئی کے تمام دھڑوں کی حمایت سے ہوا۔

سنیچر اور اتوار کو جگموہن ڈالمیا نے بی سی سی آئی کے دو مرکزی حریف دھڑوں کے قائدین نرائن سوامی سری نواسن اور شردھ پوار سے ملاقاتیں کیں۔

گزشتہ ماہ بھارتی سپریم کورٹ نے سری نواسن کو’انڈین پریمئیر لیگ‘ کی ٹیم ’چنائی سُپر کنگز‘ کی ملکیت کی وجہ سے بی سی سی آئی کے چیف کے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔

تاہم عدالت نے سری نواسن کو، جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے موجودہ صدر ہیں، اپنا ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی تھی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گزشتہ مہینے بھارتی سپریم کورٹ نے سری نواسن کو’انڈین پریمئیر لیگ‘ کی ٹیم ’چنائی سوپر کنگز‘ کی ملکیت کی وجہ سے بی سی سی آئی کے چیف کے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا

یاد رہے کہ سنہ 2013 سے سری نواسن کیس پر ہونے والی عدالتی تحقیقات کے دوران 74 سالہ جگموہن ڈالمیا بی سی سی آئی کے عبوری صدر کے طور پر فرائض ادا کرتے رہے ہیں۔

بھارت میں بی سی سی آئی کے انتخابات کانٹے دار ہوتے ہیں جہاں ایک ارب بیس کروڑ کی آبادی میں کرکٹ مقبول ترین کھیل ہے۔

اسی بارے میں