مائیکل کلارک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کلارک نے 73 ون ڈے میچز میں آسٹریلیوی ٹیم کی قیادت کی ج میں 49 میں ٹیم کو کامیابی ملی

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ورلڈ کپ فائنل کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

33 سالہ کلارک نے یہ اعلان ہفتے کے روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل سے قبل ہونے والی کپتان کی روایتی پریس کانفرنس کے آغاز میں کیا۔

کلارک کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے ون ڈے کریئر کا اختتام کر دیں ۔ انھوں نے بتایا کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد ٹیسٹ کریئر کو طول دینا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ مزید کچھ عرصہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی خدمت کرسکتے ہیں۔

مائیکل کلارک نے کہا کہ وہ اس موقع پر قطعاً جذباتی نہیں ہیں بلکہ ورلڈ کپ فائنل پر ان کی توجہ ہے جو ان کی ٹیم کے لیے بڑا موقع ہے اور انہیں یقین ہے کہ آسٹریلوی ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلی وہ عالمی چیمپئن بن سکتی ہے۔

کلارک نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے وہ خوش قسمت رہے کہ انہیں اپنے ملک کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مزید کچھ عرصہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی خدمت کرسکتا ہوں: کلارک

کلارک نے کہا کہ انھوں نے ورلڈ کپ کی پہلی گیند کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم سے بے پناہ توقعات وابستہ کرلی گئی تھیں اور انہیں یقین ہے کہ آسٹریلوی ٹیم ذہنی اور جسمانی طور پر فائنل کے لیے تیار ہے۔

کلارک نے 244 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے آٹھ سنچریوں اور57 نصف سنچریوں کی مدد سے7907 رنز بنائے۔

انہوں نے 73 ون ڈے میں قیادت کی جن میں سے49 جیتے۔

آسٹریلیوی کپتان 2007 ء کا عالمی کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ کلارک 2011 کے عالمی کپ کی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے جو کوارٹرفائنل میں بھارت سے ہار گئی تھی۔

اسی بارے میں