حفیظ کےایکشن کا ٹیسٹ نو اپریل کو بھارت میں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن گزشتہ برس نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران رپورٹ ہوا تھا

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن کا دوبارہ تجزیہ کروانے کے لیے جلد بھارت کے شہر چنئی جائیں گے جہاں نو اپریل کو شری راماچندرا یونیورسٹی میں ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ پی سی بی کی درخواست پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے محمد حفیظ کے دوبارہ ٹیسٹ کروانے کے لیے نو اپریل کی تاریخ دی ہے۔

34 سالہ آف سپنر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن گزشتہ برس نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران رپورٹ ہوا تھا جس نے پاکستان ٹیم کی عالمی کپ کی تیاریوں کو بری طرح متاثر کیا تھا۔

محمد حفیظ نے دسمبر میں لفبرا یونیورسٹی سے اپنے بولنگ ایکشن کا بائیو میکنک تجزیہ کروایا تھا جس کے بعد ان کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حفیظ سے قبل پاکستان کے ہی سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو بھی غیر قانونی قرار دے کر انھیں بولنگ کروانے سے روک دیا گیا تھا۔

تاہم رواں سال کے آغاز میں ہی سعید اجمل کو ان کے ایکشن کے کامیاب تجزیے کے بعد بولنگ کروانے کی اجازت مل گئی تھی جس کے بعد وہ اپریل میں پاکستان کے دورہ بنگلہ دیش کے لیے دستیاب ہیں۔

پاکستان دورہ بنگلہ دیش کے دوران دو ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹیونٹی میچ کھیلے گا۔

محمد حفیظ کو حال ہی میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بطور بیٹسمین شامل کیا گیا تھا لیکن بعد میں ان کے زخمی ہونے کی وجہ سے انھیں واپس وطن بھیج دیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption محمد حفیظ کو حال ہی میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بطور بیٹسمین شامل کیا گیا تھا لیکن ان کے زخمی ہونے کی وجہ سے انھیں واپس وطن بھیج دیا گیا

آل راؤنڈر حفیظ نے سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات بھی حاصل کیں جس کے بعد رواں برس بھارت میں ہی ہوئے ایک غیر رسمی تجزیے کے بعد ان کے بولنگ ایکشن کو درست قرار دیا گیا تھا۔

محمد حفیظ اب تک 43 ٹیسٹ 122 ایک روزہ اور 46 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

پاکستان کی خواتین ٹیم کی جانب سے کھیلنے والی جویریہ ودود بھی محمد حفیظ کے ساتھ اپنے بولنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے بھارت کے شہر چنئی جائیں گی۔

جویریہ ودوود کا بولنگ ایکشن سنہ دوہزار دس میں رپورٹ ہوا تھا۔ وہ اب تک 59 ایک روزہ اور 56 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکی ہیں۔

خیال رہے آئی سی سی نے گزشتہ سال غیر قانونی بولنگ ایکشن والے بولرز کے خلاف کریک ڈاؤن آغاز کیا تھا اور چھ مہینوں میں نو بولرز کو بولنگ کروانے سے روک دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں