پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورے کے شیڈول کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ بدھ کے روز سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورے کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

اس دورے میں پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔یہ تمام میچز صرف دو شہروں میرپور اور کھلنا میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم 13 اپریل کو ڈھاکہ پہنچے گی اور 15 اپریل کو فتح اللہ میں پریکٹس میچ کھیلے گی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میرپور کے شیربنگلہ سٹیڈیم میں 17، 19اور 22 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

یہی سٹیڈیم 24 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی بھی کرے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 28اپریل سے دو مئی تک کھلنا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ میرپور میں چھ سے 10 اپریل تک ہوگا۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ تین سال قبل پاکستان کے دورے پر ٹیم نہ بھیجنے پر زرتلافی کے طور پر سوا تین لاکھ ڈالرز بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو ادا کرنے پر رضامند ہوگیا ہے۔

بنگلہ دیشی دورے کی تیاری کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ بدھ کے روز سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔

کوچ وقاریونس کیمپ کی نگرانی کے لیے سڈنی سےلاہور پہنچ چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دورے کے لیے تینوں فارمیٹس کی ٹیموں کا اعلان بھی کردیا ہے۔

مصباح الحق ٹیسٹ اور شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میں قیادت کریں گے جبکہ ون ڈے کی کپتانی پہلی بار اظہرعلی کے سپرد کی گئی ہے۔

اسی بارے میں