آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں ریتک اور انوشکا

Image caption افتتاحی پروگرم میں انوشکا اپنے گیتوں پر پرفارم کریں گی

بھارت میں کرکٹ کو گلیمر سے جوڑنے والے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ انڈین پریمیئر ليگ کے آٹھویں سیزن کا افتتاح آج ہو رہا ہے۔

مغربی بنگال کے معروف شہر کولکتہ کے سالٹ لیک سٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی پروگرام میں بالی وڈ کے معروف اداکار ریتک روشن، شاہد کپور اور اداکارہ انوشکا شرما پرفارم کریں گی۔

اس افتتاحی پروگرام کی میزبانی بھارت کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے معروف اداکار سیف علی خان کریں گے۔

آئی اے این ایس کے مطابق دو گھنٹے جاری رہنے والے اس افتتاحی پروگرام میں سکرپٹ رائٹر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے بیٹے اداکار فرحان اختر اپنے بینڈ کے ساتھ گیت پیش کریں گے۔

Image caption ریتک روشن 15 سال بعد ایک بار پھر کولکتہ میں لائیو پروگرام کر رہے ہیں

دفاعی چیمپیئن کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک شاہ رخ خان اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان کرکٹر ویراٹ کوہلی اور ان کی گرل فرینڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ایک ساتھ کولکتہ پہنچنے کی خبریں سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں آئی پی ایل کی آٹھوں ٹیم کے کپتان موجود ہوں گے۔ جبکہ کے کے آر کے کپتان گوتم گنبھیر ٹرافی کی رونمائی کریں گے اور اسی کے ساتھ آئی پی ایل کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہوگا۔

اس موقعے پر آئی پی ایل کی جھلکیاں پیش کی جائیں گی اور انڈیا کا تیوہار نامی گیت پیش کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق ریتک روشن فلم ’بینگ بینگ‘ اور ’دھوم‘ کے گیتوں پر پرفارم کریں گے تو شاہد کپور فلم ’راجکمار‘ اور ’کمینے‘ کے گیت پر جبکہ انوشکا شرما فلم ’پی کے‘ اور ’جب تک ہے جاں‘ کے گیت پر پرفارم کریں گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption سیف علی خان اس افتتاحی تقریب کی میزبانی کریں گے

آئی پی ایل کے آٹھویں سیزن کا پہلا میچ کولکتہ نائٹ رائڈرز اور ممبئی انڈینس کے درمیان کولکتہ میں بدھ یعنی آٹھ اپریل کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں