’سدھو کے لیےگالی، رمیز اور شعیب پر تنقید‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ونود کامبلی نے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کی ہے

بھارت کے سابق کرکٹر ونود کامبلی نے بھارتی ٹی وی پروگراموں میں سابق پاکستانی کرکٹروں کو شامل کیے جانے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

اس کے ساتھ انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سابق بھارتی کرکٹر اور مبصر نوجوت سنگھ سدھو کے بارے میں نازیبا زبان بھی استعمال کی ہے۔

انھوں نے ٹویٹ کیا: ’پاکستانیوں کو ہر چینل میں لے کر آتے ہو۔ ارے ان سے کہو کہ ان کے چینلوں میں ہمیں گالیاں ملتی ہیں۔ ہائے ہائے پاکستان، زندہ باد ہندوستان۔‘

اسی قسم کے یکے بعد دیگرے اپنے کئی ٹویٹس کے سبب وہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

سدھو کے لیے غیر مہذب الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کامبلی نے انھیں ’اپنی بک بک بند کرنے‘ کو کہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کامبلی اپنے بہت سے متنازع فیہ بیان کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتے ہیں

اپنی ایک ٹویٹ میں کامبلی لکھتے ہیں: ’سدھو صرف شاعری میں مصروف ہے۔ تبصرہ کون کرے گا، میرا باپ۔ ہمت ہے تو سدھو کو بولو میرا سامنا کرے۔۔۔‘

انھوں نے یہ بھی لکھا: ’ابھی میں رمیز اور شعیب سے ناراض نہیں ہوں۔ آپ نے ان پاکستانیوں کو اپنایا ہے جو ہمیں گالی دے کر ہمیں سے پیسہ لیتے ہیں۔‘

ایسے ٹویٹس کے بعد کئی لوگ کامبلی کو ٹوئٹر پر ’بلانوش‘ اور ’نشے میں دھت‘ بتانے لگے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ونود کامبلی نے فلموں میں بھی قسمت آزمائی کی

مقامی شراب کی بوتلوں کی تصاویر کے ساتھ ٹوئٹر ہینڈلTimeSocial سے لکھا گیا: ’ونود کامبلی کے پینے کا پتہ چل گیا ہے۔‘

شوم لكھنپال rude4thought ہینڈل سے لکھتے ہیں: ’سمندر نمکین ہے کیونکہ ونود کامبلی اس میں روئے ہیں۔‘

ٹوئٹر ہینڈلVshalOvercome سے لکھا گیا: ’ونود کامبلی کا معمول: ڈرنك، ٹويٹ، رپيٹ۔‘

اپراجت اے پی شرما نےAppyOfficial سے لکھا: ’ونود کامبلی کی مشکل کیا ہے؟ شاید انھوں نے شراب پی اور ٹویٹ کرنے لگ گئے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption نوجوت سنگھ سدھو آئی پی ایل میں مستقل کمنٹری کرتے آ رہے ہیں

دوسری جانب بعض افراد ونود کامبلی کی حمایت کر رہے ہیں۔

ٹوئیٹر ہینڈل mainbhiengineer سے لکھا گیا: ’جو کامبلی نے کہا، وہ ہر ہندوستانی ایک عرصے سے کہنا چاہتا ہے۔‘

اس کے ساتھ بعض لوگوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں کامبلی یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کسی نے ہیک کر لیا تھا۔

اسی بارے میں