ایک اور کرکٹر میدان میں چوٹ لگنے سے ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Press Trust of India
Image caption 20 سالہ انکِت بنگال انڈر 19 کے کپتان رہے تھے

گذشتہ نومبر میں آسٹریلیوی کرکٹر فلپ ہیوز کی المناک موت کے بعد بھارتی ریاست بنگال کے ایک ہونہار کرکٹر انکت کیشری کرکٹ کے میدان میں چوٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے۔

انکت کو 17 اپریل کو بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک ایک روزہ میچ کے دوران چوٹ لگی تھی۔

وہ پچھلے تین روز سے ہسپتال میں تھے اور کل شام ان کی حالت تھوڑی بہتر ہوئی تھی اور انھیں کھانا بھی دیا گیا تھا۔ تاہم آج صبح انھیں دل کا شدید دورہ پڑا، انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا لیکن وہ جان بر نہ ہو سکے۔

20 سالہ انکِت بنگال انڈر 19 کے کپتان رہے تھے اور 2014 میں متحدہ عرب امارات میں انڈر 19 کے ورلڈ کپ میں 30 رکنی بھارتی ٹیم کے رکن تھے۔

کولکتہ کے سالٹ لیک گراؤنڈ میں ہونے والے اس میچ میں بھی وہ بارھویں کھلاڑی تھے لیکن ایک اور کھلاڑی ارنب نندی کے بریک لینے کے سبب وہ میدان میں اترے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پچھلے سال آسٹریلیوی ٹیسٹ بیٹس مین فلپ ہیوز کی گیند لگنے سے ہلاکت نے کرکٹ دنیا کو سوگوار کر دیا تھا

کیشری کور پر فیلڈنگ کر رہے تھے جیسے ہی وہ کیچ پکڑنے بھاگے دوسری جانب سے سارب مونڈل بھی لپکے اور اسی دوران دونوں میں ٹکر ہو گئی۔

بنگال کے ایک مقامی کوچ جے دیپ مکھرجی اس وقت وہاں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈل سے ٹکرا کر انکِت گر کر بےہوش ہو گئے اور ان کے منھ سے خون بہنے لگا۔ انھیں اسی وقت ہسپتال لے جایا گیا۔

انکِت تین روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہے اور انھوں نے پیر کی صبح دم توڑ دیا۔

اسی بارے میں