مے ویدر اور پیکیو کےمقابلے کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی سرکاری فروخت ایم جی ایم کی ویب سائٹ پر جمعرات کو شروع ہوئی

فلوئڈ مے ویدر اور مینی پیکیو کے درمیان باکسنگ مقابلے کی مانگ اتنی بڑھی کہ چند منٹوں کے اندر ہی اس کے ٹکٹ فروخت ہو گئے اور ویب سائٹ پر ان کی قیمت 94 ہزار پاؤنڈ تک جا پہنچی۔

خیال رہے کہ دونوں کے درمیان باکسنگ کا مقابلہ دو مئی کو ایم جی ایم گرینڈ لاس ویگس میں ہو گا۔

اس مقابلے کی 15,500 ٹکٹیں باکسروں، سپانسروں اور پروموٹروں کو دی جائیں گی۔

اس مقابلے کا سستا ترین ٹکٹ 1,000 سے 5,000 پاؤنڈ تک ہے۔

فلوئڈمے ویدر اور مینی پیکیو کے درمیان باکسنگ کا مقابلہ رواں سال فروری میں طے تھا تاہم ٹکٹوں کی فروخت کا معاہدہ گذشتہ ہفتے طے ہوا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اس مقابلے کا سستا ترین ٹکٹ 1,000 سے 5,000 پاؤنڈ تک ہے

اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی سرکاری فروخت ایم جی ایم کی ویب سائٹ پر جمعرات کو شروع ہوئی۔

مقابلے کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جیسے ہی سٹب ہب پر شروع ہوئی تو چند منٹوں کے دوران اس کا سستا ترین ٹکٹ 3,511 پاؤنڈ تک جا پہنچا۔

38 سالہ فلوئڈ مے ویدر اور 36 سالہ مینی پیکیو کا شمار اپنی نسل کے بہترین باکسروں میں ہوتا ہے۔

منتظمین کو امید ہے کہ اس مقابلے سے 16 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ کی رقم اکٹھی ہو گی۔

فلوئڈ مے ویدر اس سے قبل اپنی تمام 47 فائٹس جیت چکے ہیں جس میں 26 ناک آؤٹ مقابلے شامل ہیں۔ جبکہ مینی پیکیو اب تک 57 مقابلے جیتے ہیں تاہم وہ پانچ مقابلوں میں ناکام رہے جبکہ دو مقابلے ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔

اسی بارے میں