فٹنس کے مسائل، راحت علی بھی سیریز سے باہر

راحت علی تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption راحت علی کے علاوہ چار پاکستانی کھلاڑی اس وقت ان فٹ ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ تیز باؤلر راحت علی چوٹ لگنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔

پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ راحت علی ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے دونوں ٹیسٹ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان کے متبادل کھلاڑی کے متعلق ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

اس طرح 24 سالہ بائیں بازو سے گیند کرنے والے باؤلر بھی دوسرے زخمی باؤلروں کی صف میں شامل ہو گئے ہیں جن میں صہیب مقصود، سہیل خان، احسان عادل اور لیگ سپنر یاسر شاہ شامل ہیں۔

پہلا ٹیسٹ 28 اپریل کو کلنا میں شروع ہو رہا ہے جب کہ دوسرا میچ 6 مئی کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش نے حال ہی میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کر دیا تھا۔ اس طرح پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش نے پہلی بار ون ڈے سیریز جیتی تھی۔ اس کے بعد جمعہ کو بنگلہ دیش نے ٹی 20 کے میچ میں بھی پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے پیر کو کہا کہ وہ صورتِ حال سے بہت پریشان ہیں۔

’ہماری ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ فٹنس ہے اور ہم اس بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے کہ ہر کھلاڑی میچ کے لیے فٹ ہو۔‘

اسی بارے میں