پاکستانی فٹبالر کلیم اللہ امریکی لیگ میں

Image caption ’کرغیزستان میں عمدہ کھیل کی وجہ سے دنیا کے متعدد فٹبال کلبوں نےمجھ سے معاہدے کے سلسلے میں رابطہ کیا‘

پاکستان کے نوجوان فٹبالر کلیم اللہ امریکی فٹبال لیگ کھیلنے کے سلسلے میں پرامید دکھائی دیتے ہیں۔

وہ کرغیزستان کے کلب ڈورڈئی کو چھوڑ کر امریکہ گئے ہیں جہاں وہ سان فرانسسکو کے فٹبال کلب سیکرامینٹو رپبلک کلب کے ساتھ ایک ماہ کے تربیتی سیشن میں حصہ لیں گے۔

پاکستانی فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی

اس کے بعد اگر ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوکر سیکرامینٹو ری پبلک نے ان سے کھیلنے کا معاہدہ کرلیا تو کلیم اللہ امریکی فٹبال لیگ میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی ہوں گے۔

کلیم اللہ نے گذشتہ سال کرغیزستان کے فٹبال کلب ڈورڈئی سے کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا جو تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا تھا۔

اس سے قبل کسی پاکستانی فٹبالر کے ساتھ کسی پروفیشنل کلب نے اتنی بڑی مالیت کا معاہدہ نہیں کیا تھا۔

کلیم اللہ نے بی بی سی اردو سروس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر امریکی فٹبال کلب سے ان کا معاہدہ نہ ہو سکا تو وہ ترکی کی فٹبال لیگ میں حصہ لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کرغیزستان میں عمدہ کھیل کی وجہ سے دنیا کے متعدد فٹبال کلبوں نے ان سے معاہدے کے سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔

’میرے پاس اچھی پیش کشیں ہیں اور میں اپنا بہتر مستقبل دیکھ رہا ہوں۔‘

کلیم اللہ نے کہا کہ کرغیزستان کے ڈورڈئی کلب کو چھوڑنا آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن وہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں یقین رکھتے ہیں۔

Image caption ’میرے پاس اچھی پیش کشیں ہیں اور میں اپنا بہتر مستقبل دیکھ رہا ہوں‘

انھوں نے کرغیزستان میں اپنے پہلے ہی سال میں وہ حاصل کر لیا جس کا انھوں نے سوچا تھا ۔وہ لیگ میں سب سے زیادہ 23 گول کرنے والے کھلاڑی بنے اور بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ کسی اور پروفیشنل لیگ میں اپنی صلاحیتوں کو آزمائیں۔

امریکی کلب نے انھیں دعوت دی ہے اور انھیں امید ہے کہ وہ اس کلب کو اپنی صلاحیتوں سے متاثر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

کلیم اللہ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کو دنیا بھر میں کرکٹ اور ہاکی کی طرح فٹبال سے بھی پہچانا جائے۔

کلیم اللہ کا تعلق صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے۔ پاکستان کے انٹرنیشنل فٹبالر محمد عیسیٰ ان کے چچازاد بھائی ہیں۔

کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ ان کے کریئر کی ابتدا میں محمد عیسیٰ نے ان کی بہت حوصلہ افزائی کی تھی۔

اسی بارے میں