ڈیوڈ ملر کا چھکا، پولیس اہلکار کی آنکھ ضائع

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption الوک کے بیٹے کا کہنا ہے کہ کولکتہ پولیس ان کے والد کا علاج کرا رہی ہے

بھارت میں کھیلے جانے والی انڈین پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈیوڈ ملر کے چھکے نے سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار کو ایک آنکھ سے اندھا کردیا۔

نو مئی کو ایڈن گارڈنز میں کولکتہ نائٹ رائڈرز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں کنگز الیون پنجاب کے ملر نے چھکا مارا اور گیند 53 سالہ پولیس اہلکار الوک آئچ کی بائیں آنکھ پر جا لگی۔

اس واقعے کے بعد ڈیوڈ ملر نے کہا ’یہ بہت برا ہوا۔ میری خواہش تھی کہ یہ سچ نہ ہو۔ مجھے افسوس ہے کہ مسٹر الوک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ جلد صحتیاب ہوں جائیں گے۔‘

الوک کے بیٹے کا کہنا ہے کہ کولکتہ پولیس ان کے والد کا علاج کرا رہی ہے۔ تاہم ان کو ڈر تھا کہ ایک آنکھ سے بینائی ختم ہو جانے کے باعث وہ ان کی نوکری ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد واحد کمانے والے ہیں۔

الوک کے بیٹے نے انڈین ایکسپریس اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ’مجھے نہیں معلوم آگے کیا ہو گا۔ میرے والد کی بائیں آنکھ ضائع ہو گئی ہے اور میرے خیال میں وہ اب کبھی بھی گاڑی نہیں چلا سکیں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’کیا میرے والد کو نوکری پر برقرار رکھا جائےگا یا ان کو جلدی ریٹائرمنٹ لینے کا کہا جائے گا؟ اگر ان کی نوکری ختم ہو گئی تو ہم کیسے گزارا کریں گے۔‘

اس میچ میں ملر نے 11 گیندوں میں 27 رنز بنائے تھے اور کولکتہ ایک رن سے جیت گیا تھا۔

25 سالہ ملر نے پہلی بار کنگز الیون پنجاب میں شمولیت 2011 میں کی تھی۔ انھوں نے 2013 میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف 38 گیندوں میں سنچری سکور کی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ملر نے اب تک 71 انٹرنیشنل ون ڈے اور 31 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حصہ لیا ہے۔

اسی بارے میں