’فیفا نے قانونی چارہ جوئی روکنے کے لیے رقم دی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 2009 میں عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچ کے دوران ایک موقع پر فرانسیسی کھلاڑی تھیری ہنری کا ہاتھ فٹبال سے چھو گیا تھا

فٹبال ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ فیفا نے انھیں سنہ 2009 میں فرانس کے خلاف کھیلے گئے عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں فرانسیسی کھلاڑی تھیری ہنری کے ’ہینڈبال‘ کے تنازع پر قانونی چارہ جوئی روکنے کے لیے تین لاکھ چھ ہزار ڈالر دیے تھے۔

فیفا سکینڈل: ’اب انکشافات کا طوفان آنے والا ہے‘

’جنوبی افریقہ میں عالمی کپ کی میزبانی کے لیے رشوت لی‘

پیرس میں کھیلے گئے اس میچ میں فرانس کی ایک گول کی برتری کے باعث آئرلینڈ 2010 کے عالمی کپ مقابلوں کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔

آئرلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو جان ڈیلانی نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن کا یقین تھا کہ فرانس کی اس فتح کے بعد انھیں فیفا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔

جان ڈیلانی نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے سنہ 2010 کے عالمی کپ میں شرکت سے محروم ہونے کے بعد ایک ’قانونی معاہدہ‘ کیا گیا۔

اس میچ کے دوران ایک موقع پر فرانسیسی کھلاڑی تھیری ہنری کا ہاتھ فٹبال سے چھو گیا جس کے فوری بعد بعد ولیم گیلس نے فیصلہ کن گول کر دیا تھا۔

آئرلینڈ کی ٹیم عالمی کپ مقابلوں میں شرکت سے صرف 16 منٹ کے فاصلے پر تھی جب گیلس نے اضافی وقت میں یہ گول کیا تھا۔ جس کے بعد فرانس نے سنہ 2010 کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فرانس کی ایک گول کی برتری کے باعث آئرلینڈ 2010 کے عالمی کپ مقابلوں کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا

فیفا کے ترجمان نے رقوم کے ادائیگی کے دعوؤں کو تسلیم کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ قرض کے طور پر ادا کی گئی رقم ’آئرلینڈ میں سٹیڈیم کی تعمیر‘ کے لیے تھی۔

ترجمان کے مطابق اگر آئرلینڈ سنہ 2014 کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرجاتا تو آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کو یہ رقم واپس کرنا تھی، تاہم وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ 31 دسمبر 2014 کو یہ قرض معاف کردیا گیا۔

جان ڈیلانی کا کہنا ہے فیفا کے صدر سیپ بلاٹر کی جانب سے آئرلینڈ کو ٹورنامنٹ میں ’33 ویں ٹیم‘ کے طور پر شامل کرنے کی درخواست مسترد کرنے کے بعد وہ اور فیفا کے صدر سیپ بلاٹر ’اس معاہدے پر پہنچے‘ تھے۔

ان کا کہنا تھا: ’یہ فٹبال ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ کے لیے ایک بہت اچھا معاہدہ تھا اور فٹبال ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ کے لیے قانونی معاہدہ تھا۔‘

’رقم ادا کی گئی اور قانونی چارہ جوئی نہ کرنے معاہدہ کیا گیا۔‘

اسی بارے میں