کریگ کیزویٹر ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ’مجھے لگتا ہے کہ ذہنی طور پر میں کبھی بھی اپنی پہلی والی گیم نہیں کھیل سکوں گا‘

انگلینڈ اور سمرسیٹ کاؤنٹی کے وکٹ کیپر اور بلے باز کریگ کیزویٹر نے اعلان کیا ہے کہ آنکھ پر لگنے والی چوٹ کے بعد وہ کرکٹ کی دنیا سے فوری طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں۔

پچھلی جولائی میں نورتھینٹس کے خلاف کھیلتے ہوئے کیزویٹر کی ناک، آنکھ اور گال کی ہڈی پر چوٹ آئی تھی۔

27 سالہ کیزویٹر نے انگلینڈ کی جانب سے 46 ایک روزہ میچ اور 25 ٹی 20 کھیلے ہیں۔ تاہم جنوری 2013 سے وہ انگلینڈ کی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

انھوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ ذہنی طور پر میں کبھی بھی اپنی پہلی والی گیم نہیں کھیل سکوں گا۔ میرا کریئر بہت اچھا رہا اور نشیب و فراز آتے رہے۔ میں اپنا کریئر ختم کر رہا ہوں اور مجھے اس بات کا کوئی افسوس نہیں ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کیزویٹر نے انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ میچ میں اپنے کریئر کا آغاز 2010 میں بنگلہ دیش کے خلاف کیا

کیزویٹر کو چوٹ اس وقت لگی جب گیند ان کی ہیلمٹ کی جالی میں سے گزرتے ہوئے ان کے چہرے پر آ لگی۔ اس کے باعث ان کی ایک آنکھ کی بصارت پوری طرح سے واپس نہیں آ سکی۔

جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے کیزویٹر نے 2014 میں ٹی 20 میں 497 رنز سکور کیے جبکہ کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں 419 رنز سکور کیے۔

ان کو 12 جولائی 2014 کو چوٹ لگی تھی۔

کیزویٹر نے انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ میچ میں اپنے کریئر کا آغاز 2010 میں بنگلہ دیش کے خلاف کیا۔

سمرسیٹ کاؤنٹی کے ڈائریکٹر میٹ مینرڈ کا کہنا ہے کہ ’ہم سب کے لیے یہ ایک افسوس ناک بات ہے۔‘

اسی بارے میں