فتح اللہ ٹیسٹ کا پہلا دن بھارتی بیٹسمینوں کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption شیکھر دھون نے 21 چوکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے

فتح اللہ میں کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف بغیر کسی نقصان کے 239 رنز بنا لیے ہیں۔

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور مرلی وجے نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے پہلی وکٹ کی شراکت میں 239 رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارتی اننگز کی خاص بات شیکھر دھون نے شاندار بیٹنگ تھی۔ انھوں نے 21 چوکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے جبکہ مرلی وجے نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بنائے۔

بدھ کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اس ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کی قیادت وراٹ کوہلی کر رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی جیت کا عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت پانچ سال بعد بنگلہ دیش میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہے۔

اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے سات میچوں میں چھ میں بنگلہ دیش کو شکست ہوئی ہے، جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

اس سے پہلے بنگلہ دیش کے دورے کے موقعے پر بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 113 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں