کنگسٹن ٹیسٹ اور سیریز دونوں آسٹریلیا کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلیا کی جانب سے تمام بولروں نے ہی عمدہ کارکردگی دکھائی

آسٹریلیا نے کنگسٹن میں کھیلے گئے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 277 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔

اتوار کو کھیل کے چوتھے دن میزبان ٹیم 392 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈیز کا ٹاپ اور مڈل آرڈر ناکام رہا اور ٹاپ سکورر ساتویں نمبر پر آنے والے دنیش رام دین رہے جنھوں نے 29 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں 88 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو فالو آن کی خفت سے بچانے والے جیسن ہولڈر بھی اس بار ٹیم کے کام نہ آ سکے اور صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز کے سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا جبکہ چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے تمام بولروں نے ہی عمدہ کارکردگی دکھائی اور مچل سٹارک تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مچل سٹارک دوسری اننگز میں تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب آسٹریلوی بولر رہے

جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 399 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس اننگز کی خاص بات سٹیون سمتھ کی شاندار بیٹنگ تھی جنھوں نے 21 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 199 رنز بنائے۔

اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا پائی تھی۔

آسٹریلیا نے دوسری اننگز دو وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی اور ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 392 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز کے روسو میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں