ولیمسن اور ٹیلر کی سنچریاں، نیوزی لینڈ تیسرے ون ڈے میں فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کین ولیمسن نے 12 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی اننگز کھیلی

نیوزی لینڈ نے ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 303 رنز کا ہدف دیا جو مہمان ٹیم نے کین ولیمسن اور راس ٹیلر کی سنچریوں کی بدولت 49ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ولیمسن اور ٹیلر نے 206 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کر دیا۔

ولیمسن 118 رنز بنانے کے بعد وائلی کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ ٹیلر کو بھی وائلی نے ہی 110 کے سکور پر بولڈ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد انگلینڈ کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 302 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان اوئن مورگن نے 82 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹیلر نے اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا

انھوں نے جو روٹ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے۔

مورگن کے علاوہ جو روٹ اور بین سٹوکس نے بھی نصف سنچریاں بنائیں اور بالترتیب 54 اور 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور بین ویلر نے تین تین جبکہ میٹ ہینری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اوول میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 210 رنز سے شکست دے تھی۔

اسی بارے میں