وہاب اور حارث کی جگہ بابراعظم اور راحت علی کی سری لنکا روانگی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا ہے جس میں انھوں نے نصف سنچری سکور کی تھی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے زخمی ہونے والے وہاب ریاض اور ان فٹ حارث سہیل کی جگہ اوپنر بابر اعظم اور فاسٹ بولر راحت علی کو سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ دونوں کھلاڑی اتوار کی صبح سری لنکا روانہ ہوجائیں گے۔

وہاب ریاض دوسرے ٹیسٹ کے بعد وطن واپس آرہے ہیں۔ بیٹنگ کے دوران ان کے بائیں ہاتھ میں فریکچر ہوا ہے۔ وہ سری لنکا کی اننگز میں صرف نو اوورز کراسکے۔

حارث سہیل گھٹنے کی تکلیف کے سبب پہلے ہی وطن واپس آچکے ہیں۔

بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا ہے جس میں انھوں نے نصف سنچری سکور کی تھی۔

راحت علی حالیہ دنوں میں فٹنس مسائل کا شکار رہے ہیں۔ ہیمسٹرنگ کے سبب وہ بنگلہ دیش کے خلاف دونوں ٹیسٹ نہیں کھیل پائے تھے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ تین جولائی سے پالی کلے میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں