سنگا کارا کا ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

Image caption سنگاکارا سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں

سری لنکا کے معروف بیٹسمین اور وکٹ کیپر کمار سنگا کارا رواں برس اگست میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

37 سالہ بیٹسمین پہلے ہی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے ہیں۔

سنگا کارا نے اس بات کا اعلان سنیچر کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف تیسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے جبکہ رواں برس اگست میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان سری لنکا میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ان کے کریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سری لنکا کے عظیم بیٹسمین سنگاکارا نے کہا ’ اب میرا ریٹائرمنٹ لینے کا وقت آ گیا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنگاکارا کے رنز بنانے کا اوسط بھارتی بلے باز سچن تنڈولکر سے بھی زیادہ ہے

خیال رہے کہ سنگاکارا سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔

سنہ 2000 میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے سنگاکارا نے 132 ٹیسٹ میچوں میں 58.31 رنز کی اوسط سے 38 سنچریوں اور 52 نصف سنچریوں کی بدولت 12,305 رنز بنائے ہیں۔

سنگاکارا کے رنز بنانے کا اوسط بھارتی بلے باز سچن تندولکر سے بھی زیادہ ہے۔

سنگا کارا نے ٹی ٹوئنٹی میچ کی آخری اننگز گذشتہ سال سری لنکا کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فتح کی مہم کے دوران کھیلی تھی جبکہ انھوں نے اپنے کریئر کا آخری ایک روزہ میچ رواں سال ورلڈ کپ میں کھیلا۔

انھوں نے رواں سال انگلینڈ کی کاؤنٹی سرے کے لیے دو سال کا معاہدہ کیا ہے جبکہ اس سے قبل وہ انگلینڈ میں واروک شائر اور ڈرہم کے لیے کاؤنٹی کھیل چکے ہیں۔

اسی بارے میں