لیگ سپنر عادل رشید ایشز سکواڈ میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے عادل رشید کی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے

برطانوی کاونٹی یارکشائر کے لیگ سپنر عادل رشید کو ایشز سیریز کےلیے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ستائیس سالہ عادل رشید کو آٹھ جولائی سے شروع ہونے والے پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے تیرہ رکنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

عادل رشید اس سے پہلے ایک روزہ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم کے سپین میں لگائے جانے والے کیمپ کے لیے ٹیم میں عادل رشید کو شامل نہیں کیاگیا تھا۔ البتہ انگلینڈ کے نئے آسٹریلوی کوچ ٹریور بیلس کے بطور کوچ چارج سنبھالنے کے بعد عادل رشید کو ٹیم میں شامل کر لیاگیا ہے۔

عادل رشید کو حتمی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے ایک اور ایشیائی نژاد معین علی سے مقابلہ ہوگا۔ معین علی آف سپنر ہیں جبکہ عادل رشید لیگ سپنر ہیں۔

کپتان ایلسٹر کک کی سربراہی میں انگلینڈ کی ٹیم میں معین علی، جوس بٹلر، ایڈم لائیتھ، مارک وڈ اور عادل رشید ایسے کھلاڑی ہیں جن کی یہ پہلی ایشز سیریز ہو گی۔ تینتیس سالہ ایئن بیل اپنی ساتویں ایشز کھیلیں گے۔

عادل رشید کو ویسٹ انڈیز جانے والی انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیاگیا تھا لیکن انھیں وہاں میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔

عادل رشید نے ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد کہا کہ یہ ہر نوجوان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹیسٹ میچ میں کھیلے اور مجھے ایشز سکواڈ میں شمولیت پر بہت خوشی ہے۔ امید ہے کہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر پاؤں گا۔‘

دو ہزار تیرہ میں ٹیسٹ ٹیم سے نکالے جانے والے سٹیفن فن کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے عادل رشید کی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ایشز سیریز کےلیےانگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی: ایلسٹر کک (کپتان)، ایڈم لائیتھ، گیری بیلنس، ایئن بیل، جو روٹ، بین سٹروکس، جوس بٹلر (وکٹ کیپر) سٹیوارٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، مارک وڈ، سیٹفن فن، معین علی ، اور عادل رشید۔

اسی بارے میں