خواتین فٹبال میچ نے ٹی وی کے ریکارڈ توڑ دیے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption امریکہ خواتین فٹبال ورلڈکپ تین مرتبہ جیتنے والا پہلا ملک بن گیا ہے

خواتین فٹبال کے عالمی ورلڈ کپ کا فائنل امریکہ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا فٹبال میچ بن گیا ہے۔

نیلسن ریٹنگ کمپنی کے مطابق امریکہ اور جاپان کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والا فائنل 25 لاکھ سے زیادہ ناظرین نے ملاحظہ کیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 2014 کے برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں امریکہ اور پرتگال کے میچ کا تھا جس کو 18 لاکھ لوگوں نے امریکہ میں دیکھا۔

جاپان اور امریکہ کے اس مقابلے کو دیکھنے والے لوگوں کی تعداد ایک موقعے پر 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔ امریکی کھلاڑی کارلی لویڈ نے میچ میں ایک 13 منٹ کے وقفے میں شاندار ہیٹ ٹرک کر کے اپنی ٹیم کو فائنل جتانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سنہ 1991 اور 1999 میں فتح کے بعد یہ امریکی خواتین فٹبال ٹیم کی کسی ورلڈ کپ میں تیسری جیت ہے۔

کینیڈا کے شہر وینکوور میں کھیلے جانے والے اس میچ نے ’بگ برادر ‘ اور سلیبریٹی فیملی فیوڈ‘ جیسے امریکی ٹی وی کے بڑے بڑے ’برینڈڈ‘ پروگراموں کو مات دے کر سب سے زیادہ ریٹنگ حاصل کر لی۔

دوسری جانب برطانیہ میں اس مقابلے میں دلچسپی خاصی کم نظر آئی جہاں صرف پانچ لاکھ، یا ٹی وی دیکھنے والے 13 فیصد افراد نے میچ دیکھا۔ اس سے چار دن قبل اسی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کا مقابلہ 17 لاکھ لوگوں نے دیکھا جو کل ٹی وی دیکھنے والوں کا 33 فیصد حصہ تھا۔

اسی بارے میں