پالیکیلے میں برتری دگنی کرنے کا موقع

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی ہے

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں بدھ کے روز پالیکیلے میں دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔

پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے دمبولا میں کھیلا گیا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل چھ وکٹوں سے جیتا تھا جس میں محمد حفیظ کی سنچری اور چار وکٹوں کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

محمد حفیظ کے علاوہ شعیب ملک نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی تھی۔

دونوں ٹیمیں اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد تشکیل نو کے مرحلے میں ہیں۔

ورلڈ کپ کے بعد مصباح الحق اور شاہد آفریدی پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں رہے اور قیادت کی ذمہ داری اظہر علی کو سونپی جا چکی ہے جن کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں شکست ہوئی تھی، البتہ اس نے زمبابوے کے خلاف دونوں ون ڈے جیت لیے تھے۔

سری لنکا کی ٹیم ورلڈ کپ کے بعد اپنی پہلی ون ڈے سیریز ورلڈ کلاس مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا کے بغیر کھیل رہی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم یہ سیریز تین دو کے فرق سے جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں اس کے پوائنٹس 90 اور چار ایک سے جیتنے کی صورت میں 92 ہو جائیں گے۔

اس وقت پاکستانی ٹیم کے عالمی رینکنگ میں 87 پوائنٹس ہیں جو ویسٹ انڈیز سے ایک کم ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے جیت کر چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنا لی ہے اور اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے کوئی ایک ٹیم آٹھ ٹیموں کے آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی جو 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر ہے۔

اسی بارے میں