بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو پہلی بار ون ڈے سیریز ہرا دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

چٹاگانگ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

بدھ کو کھیلے گئے اس میچ کو بارش کی وجہ سے 40 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کو اوپنرز تمیم اقبال اور سومیا سرکار کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 26 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس طرح بنگلہ دیش کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے کامیابی حاصل ہوئی۔

دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 154 رنز بنائے۔ سومیا سرکار 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اس اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ تمیم اقبال 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سومیا سرکار کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔

اوپنرز ڈی کاک سات اور ہاشم آملہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی 51 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

واضح رہے ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش فاتح رہا تھا۔

اسی بارے میں