چھ سیزنز کے بعد چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی لیگ ختم کر دی گئی

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption پچھلا سیزن چنئی سپر کنگز نے جیتی تھی

چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی لیگ کے چھ سیزنز میں تماشیوں کی کم گرم جوشی کے باعث لیگ کی گورننگ کونسل نے لیگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق لیگ کی گورننگ کونسل میں بھارتی کرکٹ بورڈ، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ بورڈ ہیں۔

گورننگ کونسل نے چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی لیگ کو ختم کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تماشائیوں کی کم گرمجوشی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کو ختم کر دینا بہترین فیصلہ تھا‘۔

چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی لیگ کا ساتواں سیزن اس سال ستمبر اور اکتوبر میں کھیلا جانا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ’یہ ایک مشکل فیصلہ تھا۔ چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی لیگ نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی جیسے کہ بھارت کی آئی پی ایل، آسٹریلیا کی بگ بیش اور جنوبی افریقہ کی ریم سلیم کو ایک نیا زاویہ دیا۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ دنیا بھر سے کھلاڑیوں کے لیے اپنا ٹیلنٹ دکھانے کے لیے ایک عمدہ پلیٹ فارم تھا۔ تاہم اس میں تماشیوں کی وہ دلچسپی دیکھنے کو نہیں ملی جس کی ہمیں توقع تھی۔ یہ فیصلہ ہم نے اپنے کمرشل پارٹنرز کے ساتھ مل کر لیا ہے۔‘

اسی بارے میں