پاکستان سنوکر کے بین الاقوامی مقابلوں کا میزبان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارت کے پنکج اڈوانی ورلڈ سکس ریڈبال چیمپیئن شپ کے دفاعی چیمپیئن ہیں

پاکستان سنوکر کے تین بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ مقابلے جمعرات سے کراچی میں شروع ہورہے ہیں جن میں عالمی سکس ریڈ بال چیمپیئن شپ (مرد اور خواتین )، عالمی ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ اور ماسٹرز ٹیم چیمپیئن شپ شامل ہیں۔

ان مقابلوں میں پاکستان سمیت 18 ممالک حصہ لے رہے ہیں جن میں بھارت بھی شامل ہے جن کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔

بھارت کے پنکج اڈوانی ورلڈ سکس ریڈبال چیمپیئن شپ کے دفاعی چیمپیئن ہیں۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ ان مقابلوں کے انعقاد کو پاکستان کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 24 ،25 ممالک کو دعوت نامے بھیجے گئے تھے لیکن 17 ممالک کا پاکستان آنا بھی کم اہم نہیں ہے، البتہ انھیں تھائی لینڈ کی غیرحاضری پر حیرانی ہوئی ہے جس کے کھلاڑی پاکستان میں ہر بڑے ایونٹ میں باقاعدگی سے حصہ لیتے رہے ہیں۔

عالمگیر شیخ کے خیال میں ان مقابلوں کے انعقاد سے پاکستان کے بارے میں دنیا کو مثبت پیغام ملےگا، ساتھ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ ان مقابلوں میں حصہ لے کر اپنے تجربے میں اضافہ کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کے 26 کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں

واضح رہے کہ پاکستان کے 26 کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ماضی کے کئی کھلاڑی ماسٹرز ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، ان میں سابق عالمی امیچر چیمپیئن محمد یوسف بھی شامل ہیں۔

انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر فیڈریشن کے نائب صدر میکسم کیسز بھی ان مقابلوں کے سلسلے میں کراچی آئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سنوکر کی سرزمین ہے۔ اس نے دنیا کو دو عالمی چیمپیئن محمد یوسف اور محمد آصف دیے ہیں اور دونوں ان مقابلوں میں شریک ہیں۔

میکسم کیسز کا کہنا ہے کہ پاکستان وہ ملک ہے جو تواتر سے ایشیائی اور عالمی سطح کے مقابلوں کی میزبانی کرتا رہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن ملک میں اس کھیل کے فروغ کے لیے کافی کام کر رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ماضی کے کئی کھلاڑی ماسٹرز ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے ان میں سابق عالمی چیمپیئن محمد یوسف بھی شامل ہیں

کراچی کے کمشنر شعیب صدیقی نے کراچی میں سنوکر اکیڈمی کے لیے زمین کا اعلان کیا ہے جس پر پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن جلد کام شروع کرے گی۔

تاہم پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ حکومت کے رویے پر سخت ناخوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں جیتنے والے محمد آصف محمد سجاد اور حمزہ اکبر کو سپورٹس پالیسی کے تحت ملنے والی انعامی رقم کی مکمل ادائیگی سے یکسر انکار کر دیا اور صاف کہہ دیا کہ جتنے پیسے دے دیے ہیں وہ لینے ہیں تو لے لیں۔

اسی بارے میں