چوتھے ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کرس روجرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور نصف سنچری مکمل کی

آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلش ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں جمعے کو کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی مزید 90 رنز درکار ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر مچل سٹارک اور ایڈم ووجز موجود تھے۔

دوسری اننگز میں آسٹریلوی بلے بازوں نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اوپنرز نے ٹیم کو 113 رنز کا آغاز دیا۔

پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے کرس روجرز اور ڈیوڈ وارنر نے اس اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں۔

روجرز 52 رنز بنانے کے بعد بین سٹوکس کی پہلی وکٹ بنے جبکہ وارنر کو 64 کے سکور پر کیچ کروا کے سٹوکس نے دوسری وکٹ لی۔

اچھے آغاز کے بعد آسٹریلیا کو چھ رنز کے اضافے کے دوران تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption میچ کے دوسرے روز مچل سٹارک نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں

وارنر کو آؤٹ کرنے والے سٹوکس نے شان مارش کو پویلین کی راہ دکھلائی تو براڈ نے سٹیون سمتھ کو سٹوکس کے ہاتھوں کیچ کروا کے اس اننگز میں اپنی پہلی اور میچ میں نویں وکٹ حاصل کی۔

کپتان مائیکل کلارک اور ایڈم ووجز کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت کوئی جس کا خاتمہ وڈز نے کلارک کو سلپ میں کیچ کروا کے کیا۔

ووجز نے نیول کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے بھی مزید 50 رنز بنائے۔ انگلینڈ کو چھٹی کامیابی سٹوکس نے ہی دلوائی جنھوں نے نیول کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

سٹوکس نے ہی مچل جانسن کو آؤٹ کر انگلینڈ کے لیے ساتویں اور انفرادی طور پر پانچویں وکٹ لی۔

اس سے قبل جوئے روٹ کی سنچری کی بدولت انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کر دی یوں اسے مہمان ٹیم پر 331 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

روٹ 19 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنانے کے بعد مچل سٹارک کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ سٹارک نے اس اننگز میں چھ انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک موقع پر انگلینڈ کی آٹھ وکٹیں 332 رنز پر گر گئی تھیں لیکن پھر معین علی اور براڈ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے سکور 390 رنز تک پہنچا دیا۔ معین علی سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جو روٹ نے 19 چوکوں کی مدد 130 رنز بنائے

برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کی تھی۔

لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دے کر برتری حاصل کی تھی۔

اسی بارے میں