رنگانا ہیراتھ کی تباہ کن بولنگ، بھارت کو شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption رنگانا ہیراتھ نے دوسری اننگز میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بھارت کے سات بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی

گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سری لنکا نے رنگانا ہیراتھ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بھارت کو63 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 112 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور ایشانت شرما نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

چوتھے دن کے کھیل کے آغاز ہی میں بھارت کی دوسری وکٹ 30 رنز کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ایشانت شرما دس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد بھارتی بیٹسمین سری لنکا کے بولروں کی عمدہ بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

بھارت کے پانچ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔

بھارت کے آؤٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں روہت شرما نے چار، وراٹ کوہلی نے تین، ساہا نے دو، ہربھجن نے ایک، ایشون نے تین اور امت مشرا نے 15 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے رنگانا ہیراتھ نے دوسری اننگز میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بھارت کے سات بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے علاوہ کوشل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 367 رنز کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے بھارت کو جیتنے کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔

میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں ابتدا ہی سے شدید مشکلات کا سامنا رہا اور صرف 95 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے پانچ کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے تاہم اس موقعے پر دنیش چندی مل کی شاندار بیٹنگ نے انھیں سہارا دیا۔ چندی مل 162 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے چار، مشرا نے تین جبکہ آرون، ہربھجن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارتی ٹیم اس سیریز میں تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

اسی بارے میں