کولمبو ٹیسٹ پر بھارت کی گرفت مضبوط

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اپنی آخری ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے سنگاکارا صرف 18 رنز بناکر آوٹ ہوئے

کولمبو میں بھارت کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے فتح کے لیے درکار 413 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے۔

سری لنکا کو آخری دن میچ جیتنے کے لیے مزید 341 رنز درکار ہوں گے جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اتوار کو جب کھیل ختم ہوا تو کرونارتنے 25 اور اینجلو میتھیوز 23 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

سری لنکا کے تجربہ کار بلے بازی کمار سنگاکارا اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں بھی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور صرف 18 رنزبنا کر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلیئن لوٹ گئے۔

واضح رہے کہ کمار سنگاکارا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور یہ ان کا آخری ٹیسٹ میچ تھا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر کوشل سلوا تھے جو صرف ایک رنز بنا کر ایشون کے ہی وکٹ بنے۔

اس سے قبل اتوار کو بھارت نے اپنی دوسری اننگز اجنکیا ریہانے کی سنچری اور مرلی وجے کی نصف سنچری کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ریہانے نے سنچری سکور کی

ریہانے دس چوکوں کی مدد سے 126 رنز بنانے کے بعد تھریندو کوشل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ مرلی وجے نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 140 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک بڑی برتری دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

چوتھے دن بھارت کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی روہت شرما تھے جو 34 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں نصف سنچری سکور کرنے والے وراٹ کوہلی دوسری اننگز میں صرف دس رنز ہی بنا سکے۔ انھیں بھی تھریندو کوشل نے آؤٹ کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کی جانب سے تھریندو کوشل اور دھمیکا پرساد کامیاب بولر رہے

سری لنکا کی جانب سے تھریندو کوشل اور پرساد نے چار، چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

کھیل کے تیسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم بھارت کے پہلی اننگز کے سکور 393 رنز کے جواب میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

یوں بھارت کو سری لنکا پر پہلی اننگز میں 87 رنز کی برتری ملی تھی۔

تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو بھارت پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں 63 رنز سے شکستکے بعد اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔

زخمی شیکھر دھون کے علاوہ ہربھجن سنگھ اور ورون ایرون یہ میچ نہیں کھیل رہے۔ ان کی جگہ مرلی وجے، سٹوئرٹ بنی اور امیش یادو کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں