کولمبو ٹیسٹ میں بھارت 278 رنز سے کامیاب، سیریز برابر

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption میچ کے پانچویں روز سری لنکا کے بلے باز بھارتی باؤلروں کے سامنے بے بس نظر آئے

کولمبو میں کھیلے گئے تین ٹیم میچوں کی سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز بھارت نے سری لنکا کو 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے۔

413 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بھارت کی جانب سے کامیاب ترین باؤلر ایشون رہے جنھوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ امت مشرا نے تین جبکہ یادو اور ایشانت شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تو 72 کے مجموعی سکور کے ساتھ کرونارتنے 25 اور اینجلو میتھیوز 23 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ تاہم میچ کے پانچویں روز سری لنکا کے بلے باز بھارتی سپن باؤلروں کے سامنے بے بس نظر آئے۔

پانچویں روز سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز میتھیوز تھے جو 23 رنز بنا سکے، اس کے بعد دنیش 15، لاہیرو 11 اور جہان مبارک اور پرساد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ کوشال پانچ اور چمیرا چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کرونارتنے 46 رنز کے ساتھ اننگز کے نمایاں بلے باز رہے۔

سری لنکا کے تجربہ کار بلے بازی کمار سنگاکارا اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں بھی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور صرف 18 رنزبنا کر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلیئن لوٹ گئے۔

واضح رہے کہ کمار سنگاکارا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور یہ ان کا آخری ٹیسٹ میچ تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اپنی آخری ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے سنگاکارا صرف 18 رنز بناکر آوٹ ہوئے

سری لنکا کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر کوشل سلوا تھے جو صرف ایک رنز بنا کر ایشون کا ہی شکار بنے۔

اس سے قبل اتوار کو بھارت نے اپنی دوسری اننگز اجنکیا ریہانے کی سنچری اور مرلی وجے کی نصف سنچری کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

ریہانے دس چوکوں کی مدد سے 126 رنز بنانے کے بعد تھریندو کوشل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ مرلی وجے نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 140 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک بڑی برتری دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

چوتھے دن بھارت کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی روہت شرما تھے جو 34 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں نصف سنچری سکور کرنے والے وراٹ کوہلی دوسری اننگز میں صرف دس رنز ہی بنا سکے۔ انھیں بھی تھریندو کوشل نے آؤٹ کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کی جانب سے تھریندو کوشل اور دھمیکا پرساد کامیاب بولر رہے

سری لنکا کی جانب سے تھریندو کوشل اور پرساد نے چار، چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

کھیل کے تیسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم بھارت کے پہلی اننگز کے سکور 393 رنز کے جواب میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

یوں بھارت کو سری لنکا پر پہلی اننگز میں 87 رنز کی برتری ملی تھی۔

تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں اب ایک ایک فتح کے ساتھ سیریز برابر ہوگئی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں 63 رنز سے شکستکے بعد اس میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں تھیں۔

زخمی شیکھر دھون کے علاوہ ہربھجن سنگھ اور ورون ایرون کی جگہ مرلی وجے، سٹوئرٹ بنی اور امیش یادو کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں