386 رنز کا ہدف، سری لنکا مشکلات کا شکار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایشانت شرما نے بھارتی ٹیم کو دوسری اننگز کے آغاز میں ہی کامیابی دلوائی

کولمبو میں بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 386 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان سری لنکا کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے۔

پیر کو چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنا لیے تھے۔

میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں

اسے فتح کے لیے آخری دن مزید 319 رنز بنانا ہوں گے جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

آؤٹ ہونے والے پہلے سری لنکن بلے باز اپل تھارنگا تھے جو اننگز کے پہلے اوور کی آخری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ ہوئے۔

ان کی جگہ آنے والے کرونارتنے بھی کوئی رن نہ بنا سکے اور امیش یادو کی پہلی وکٹ بنے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 21 کے مجموعی سکور پر گری جب دنیش چندی مل 18 رنز بنانے کے بعد ایشانت شرما کی گیند پر کوہلی کو کیچ دے بیٹھے۔

اس سے قبل کھیل کے چوتھے دن بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے سری لنکا پر 385 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

چوتھے دن بھارت نے اپنی دوسری اننگز تین وکٹوں کے نقصان پر 21 رنز سے دوبارہ شروع کی تو کپتان وراٹ کوہلی جلد ہی 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد روہت شرما اور سٹوئرٹ بنی نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے سکور 118 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر روہت نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

روہت کے پویلیئن لوٹنے کے بعد بنی نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور سکور 160 تک پہنچا دیا۔

وہ ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور پرساد کی تیسری وکٹ بنے۔

نمن اوجھا کو رنگانا ہیراتھ نے آؤٹ کر کے اس اننگز میں اپنی پہلی وکٹ لی، وہ 35 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد کیچ ہوئے۔

امت مشرا 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے لیکن نویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے روی چندرن ایشون نے نصف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط کر دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption روہت شرما نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز بنائے

سری لنکا کے لیے پرساد کے علاوہ پردیپ نے بھی چار وکٹیں لیں جبکہ ہیراتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اتوار کو میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بھارت کے 312 رنز کے جواب میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح بھارت کو 111 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔

اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اسی بارے میں